Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے وزیرِ اعظم کی یونیسیف وفد سے اہم ملاقات

حکومت پاکستان بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، شہباز شریف

شہباز شریف سے یونیسیف کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں بچوں کی صحت، پولیو کے خاتمے اور سیسے کے مضر اثرات سے بچاؤ کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرنسائیڈ کر رہی تھیں جبکہ سیسے سے پاک مستقبل کے سیکریٹریٹ کے ڈائریکٹر عبداللہ فاضل، سٹینفورڈ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے جینا فارسیتھ اور ٹھامس ہرڈ بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مصطفیٰ کمال اور عائشہ رضا فاروق سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان بچوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیسے کے مضر اثرات بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کیلئے سنگین خطرہ ہیں جس کا سدباب ایک بڑا چیلنج ہے تاہم حکومت اس حوالے سے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مؤثر اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔

وفد کے شرکاء نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں صحت، تعلیم، نوجوانوں کی تربیت اور آئی ٹی کے شعبوں میں کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں بچوں کے تحفظ اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اس موقع پر وفد نے سیسے کے صحت پر نقصانات اور پاکستان میں اس کے پھیلاؤ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جبکہ عوام میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔