Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی کاروباری وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات

پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کی قیادت میں 11 رکنی اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں۔

 انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور پاکستان و چین کے درمیان کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل،  معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی اشتراک کو فروغ دے گا۔

دوسری جانب پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جناب چیان شیاو جون نے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت میں ڈیجیٹل اصلاحات میں معاونت کا خواہاں ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئی بی آئی کے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کا قیام اس ضمن میں انتہائی مثبت ثابت ہوگا اور پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو چینی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرکے بے شمار مواقع مہیا کرے گا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری جناب قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیرِ تجارت جناب جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم جناب علی پرویز ملک، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار جناب ہارون اختر، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ یہ وفد وزیراعظم کے ستمبر 2025 میں دورۂ بیجنگ کے دوران منعقدہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں