لاہور: پاکستان میں گیمنگ کے سب سے بڑے مقابلے میں جنوبی کوریا کے گیمر رنگچو نے میدان مار لیا۔
ٹیکن 8 کے فائنل میں رنگچو نے پاکستان کے معروف گیمر فرزین کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
گیمنگ ایونٹ میں مختلف افراد مقبول گیمنگ کرداروں کے روپ میں بھی شریک ہوئے جنہوں شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کی اور تقریب نے کی رونق میں اضافہ کیا۔
پاکستان کے معروف ای اسپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش اور عاطف بٹ بھی مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئے جبکہ 2 مرتبہ ای ڈبلیو سی چیمپئن اُلسان اور ٹیکن میں عالمی ٹورنامنٹ جیتنے والے زبیر نے بھی ایونٹ میں شرکت کی۔
ایونٹ کے آرگنائزر دانیال چشتی نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکن ٹیک ڈاؤن پاکستان کی گیمنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ تھا جس کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
گیمنگ کی دنیا میں جہاں ہر لمحہ جیت اور شکست کا فیصلہ ہوتا ہے وہیں لاہور کے پیکیجز مال میں سجنے والے اس عالمی گیمنگ میلے نے ثابت کردیا کہ پاکستان میں بھی ای اسپورٹس کا جنون تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔


















