Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا حکم دے دیا

اجلاس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل روکنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے اور اس کی دوسری شق پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے قانونی اور انتظامی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا حکم جاری کردیا۔ واضح رہے کہ کمیشن نے 28 اکتوبر کو صوبے کے ان اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت کی تھی جہاں ایمرجنسی نافذ نہیں ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق اس سے قبل پنجاب کابینہ کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔

سماعت کے دوران چیف سیکریٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتظامی انتظامات کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ دسمبر اور جنوری میں شدید دھند انتخابی عمل متاثر کرسکتی ہے، جبکہ سرد موسم کے باعث ووٹرز کی شرکت بھی کم رہنے کا خدشہ ہے۔

چیف سیکریٹری نے استدعا کی کہ انتخابات کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے یہ درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری کا حکم جاری کردیا۔

متعلقہ خبریں