ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا ہے۔
مسقط میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے آٹھویں اور گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارتی ٹیم پاکستان کی عمدہ بولنگ کے سامنے 47ویں اوور میں 208 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سیزن کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔


















