امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے مقدمے میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں سزا سنائی گئی۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے مقدمے کی سماعت کے بعد انہیں عالمی سطح پر دہشت گردی اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش سے متعلق جرائم میں سزا سنائی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا تاہم ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کیے تھے۔
امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر اہم امریکی سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے انہیں امریکا بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آصف مرچنٹ پر امریکی عہدیداروں کے قتل کی سازش اور امریکا میں دہشت گردی کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہیں 15 جولائی کو امریکی ریاست ٹیکساس سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ طور پر امریکی ہٹ مین کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر بھی منگوائے تھے۔
دوسری جانب آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کراچی میں ان کا اب تک کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
امریکی حکام نے پاکستان سے بھی آصف مرچنٹ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔


















