مہنگائی سے پریشان پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں ملک میں مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کردی گئی ہے، جنوری 2024 میں مہنگائی27.5 سے 28.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
فروری میں مہنگائی مزید کم ہو کر26.5 سے27.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دسمبر 2023 میں مہنگائی کی شرح29.66 فیصد پر پہنچ گئی تھی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی استحکام آیا ہے، مالی سال کی دوسری ششماہی میں برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کی توقع ہے۔
گندم کی کاشت مقررہ ہدف سے 1.8 فیصد زائد ہوئی ہے، گندم کا مقررہ پیداوری ہدف 32.1 ملین ٹن حاصل کر لیا جائے گا، پہلی ششماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 831 ملین رہا ہے۔
گزشتہ برس اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 3.6 ارب ڈالرز تھا، دسمبر 2023 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 379 ملین سرپلس رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں کمی آ رہی ہے، سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 21.3 فیصد اضافہ ہوا ہے، برآمدی شعبوں کو خام مال کی سپلائی بہتر ہو رہی ہے، دسمبر 2023 میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 3.6 فیصد کمی ہوئی۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر 6.8 فیصد کم ہوئیں، رواں مالی سال برآمدات میں 7.5فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا دسمبر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں77.1 فیصد کی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ایف بی آر محصولات میں30.3 فیصد کا اضافہ ہوا، نان ٹیکس آمدنی میں رواں مالی سال 116.5 فیصد کا اضافہ ہوا، رواں مالی سال جولائی تا دسمبر بجٹ خسارہ43فیصدبڑھ گیا، بجٹ خسارہ1683 ارب سے بڑھ کر 2408 ارب روپے تک پہنچ گیاہے۔
