Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹیٹ بینک کا شرحِ سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرحِ سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا، کمیٹی کے 10 میں سے 7 ارکان نے شرحِ سود برقرار رکھنے کے حق میں ووٹ دیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع بڑھنے سے عالمی اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا جب کہ سپلائی چین میں رکاوٹیں برقرار رہنے سے معاشی منظرنامے میں غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مہنگائی کو درمیانی مدت میں 5 سے 7 فیصد کے ہدف تک لانے کے لیے موجودہ مانیٹری پالیسی مؤثر ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، مالی سال 2027 میں حقیقی جی ڈی پی گروتھ 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بڑھا کر B3 کردی اور آؤٹ لک مستحکم کردیا ہے۔ پاکستان نے یورو بانڈز کے ذریعے عالمی مارکیٹ سے 3 ارب ڈالر حاصل کیے، یورو بانڈز اور زرمبادلہ کی خریداری سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جب کہ جون 2027 تک زرمبادلہ ذخائر تقریباً 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے۔

اسٹیٹ بینک نے یہ بھی بتایا کہ مالی سال 2027 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0 سے 1 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے جب کہ ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محدود رکھنے میں مددگار ہوں گی۔

مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2026 میں مالیاتی استحکام بجٹ اہداف سے بہتر رہا جب کہ جولائی اور اگست میں ایف بی آر ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف کے مطابق رہیں۔

اسٹیٹ بینک نے حکومت کو 1.9 کھرب روپے منافع منتقل کیا جب کہ بجٹ میں 1.4 کھرب روپے کا تخمینہ تھا۔ 28 اگست تک براڈ منی کی شرح نمو کم ہوکر 11.6 فیصد ہوگئی جب کہ نجی شعبے کے قرضوں میں سالانہ بنیاد پر 13.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی بینک نے کہا کہ نجی شعبے کو قرضوں میں اضافہ معاشی سرگرمیوں میں بحالی کے باعث ہوا۔ جون میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 3.5 فیصد کم ہوئی جب کہ مالی سال 2026 کی مجموعی شرح نمو 5 فیصد رہی۔

مرکزی بینک کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی جون 2027 تک 5 سے 7 فیصد کے ہدف کی بالائی حد کی جانب بتدریج آنے کی توقع ہے۔

Exit mobile version