Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موذی امراض کی وجہ بننے والی اندرونی سوزش کم کرنے والی غذائیں

سبزیاں کھانا مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں

 جسم میں بہت سے امراض کی وجہ جہاں مختلف جراثیم یا وائرس ہوتے ہیں اسی طرح اگر اندرونی سوزش طویل عرصے تک جسم میں رہے تو ایسی صورت میں بھی کئی موذی بیماریاں جنم لینے لگتی ہے تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کے ذریعے جسم میں سوزش کی سطح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

دائمی سوزش کے باعث تھکاوٹ، توانائی میں کمی اور بعض افراد میں ہاضمے اور جلد سے متعلق مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ ماہرین صحت ایسی صورت میں سبزیوں، پھلوں، گری دار میوؤں اور بعض قدرتی غذاؤں کو خوراک کا حصہ بنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

سبزیاں

سبزیاں سوزش کم کرنے والی غذاؤں میں اہم سمجھی جاتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق پالک، کیل، گوبھی، گاجر اور چقندر جیسی سبزیاں مختلف وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہیں۔

روزانہ مختلف اقسام کی سبزیاں کھانا مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ کوشش کریں کہ کھانے میں سبزیوں کی مناسب مقدار ضرور شامل ہو۔

پھل

بلیوبیری، اسٹرابیری، گریپ فروٹ اور دیگر پھل بھی صحت مند غذا کا اہم حصہ ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر غذائی اجزا جسم کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچانے اور سوزش کو کم رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسم میں سوزش کی 4 بڑی وجوہات جسے بہت کم لوگ جانتے ہیں

گری دار میوے اور بیج

بادام، پستے اور اخروٹ میں صحت مند چکنائیاں، فائبر اور دیگر اہم غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر اخروٹ میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ موجود ہوتا ہے، جو متوازن غذا کا حصہ بن سکتا ہے۔

السی کے بیج، چیا سیڈز اور دیگر بیج بھی صحت مند چکنائیوں کے اچھے ذرائع ہیں۔ زیتون کے تیل کو بھی متوازن غذا میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ادرک، لہسن اور ہلدی

ماہرین کے مطابق بعض قدرتی مصالحے بھی صحت مند غذا کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ادرک، لہسن اور ہلدی میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جن میں سوزش کم کرنے والی خصوصیات دیکھی گئی ہیں۔

انہیں روزمرہ کھانوں میں مناسب مقدار میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

سبز چائے

سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر قدرتی مرکبات پائے جاتے ہیں ان میں کیٹی چنز بھی شامل ہیں جنہیں سوزش اور آکسیڈیٹو اسٹریس کے حوالے سے سائنسی تحقیق میں زیرِ مطالعہ رکھا گیا ہے۔

سبز چائے میں لیموں یا ادرک شامل کرکے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم اسے کسی بیماری کا علاج سمجھنے کے بجائے متوازن غذا کا حصہ سمجھنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق کسی ایک غذا یا مشروب سے دائمی سوزش کا مکمل علاج ممکن نہیں۔ مجموعی طور پر متوازن غذا، مناسب جسمانی سرگرمی، بہتر نیند اور صحت مند طرزِ زندگی زیادہ اہم ہیں۔

اگر کسی شخص کو مسلسل تھکاوٹ، ہاضمے کے مسائل، غیر معمولی وزن میں کمی یا دیگر علامات کا سامنا ہو تو خود سے علاج کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

Exit mobile version