پاؤں محض جسم کا بوجھ اٹھانے اور چلنے پھرنے کا کام نہیں کرتے بلکہ ان کی ظاہری حالت اور علامات آپ کی مجموعی صحت کے بارے میں بھی آگاہ کرتی ہیں۔
جلد کی رنگت سے لے کر ناخنوں کی تبدیلی تک، پاؤں میں ظاہر ہونے والی بعض علامات ایسی بیماریوں کی نشاندہی کرتی ہیں جنہیں نظرانداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاؤں میں اعصابی بافتوں اور خون کی شریانوں کا وسیع نظام موجود ہے اسی لیے ان میں ہونے والی تبدیلیاں دورانِ خون، اعصابی نظام اور دیگر جسمانی مسائل کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کچھ افراد کے پاؤں کی دوسری انگلی لمبی کیوں ہوتی ہیں؟ جانئیے
یہاں پاؤں پرظاہر ہونے والی ایسی چند علامات بتائی جارہی ہیں جنہیں جان کر آپ بروقت اس مرض کی تشخیص اور علاج کروا شفایاب ہو سکتے ہیں۔
انگلیوں کا نیلا یا جامنی ہوجانا: دل اور شریانوں کے مسائل کی علامت

اگر پاؤں کی انگلیوں کا رنگ اچانک نیلا یا جامنی ہونے لگے تو اسے معمولی تبدیلی سمجھ کر نظرانداز نہ کریں۔
یہ کیفیت ’بلیو ٹو سنڈروم کی علامت ہو سکتی ہے، جس میں کولیسٹرول کے چھوٹے ذرات خون کی باریک شریانوں میں رکاوٹ پیدا کر دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ ایک نایاب کیفیت ہے جو بعض اوقات شریانوں کی سختی یا خون کی نالیوں میں ابھار جیسے قلبی مسائل کی نشاندہی کرتی ہے۔ تاہم اس کی دیگر وجوہات میں چوٹ بھی شامل ہو سکتی ہے۔
اچانک خارش یا سرخ دانے : وائرل انفیکشن کا امکان
اگر پاؤں پر اچانک سرخ دانے یا چھالے نمودار ہونے لگیں تو اس کی وجہ فنگل انفیکشن، مثلاً ایتھلیٹس فٹ بھی ہو سکتی ہے اس کے علاوہ ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری بھی پاؤں پر سرخ چھالوں کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ ایک متعدی وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں میں پائی جاتی ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ جسم کا مدافعتی نظام وائرس کے خلاف کام کر رہا ہے۔
پاؤں کا مسلسل ٹھنڈا رہنا: دورانِ خون میں خرابی
سرد موسم میں پاؤں کا ٹھنڈا ہونا معمول کی بات ہے لیکن اگر پاؤں مسلسل غیر معمولی طور پر ٹھنڈے رہیں تو یہ خون کی گردش میں خرابی کی علامت ہو سکتی ہے۔
شدید صورتوں میں پاؤں کا تکلیف دہ حد تک ٹھنڈا ہونا اور رنگ تبدیل ہونا دورانِ خون کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے اس کی ممکنہ وجوہات میں ذیابیطس، تھائیرائیڈ کی کم فعالیت، ریناؤڈز بیماری، خون کی کمی، کولیسٹرول میں اضافہ اور ذہنی دباؤ شامل ہیں۔
پاؤں پر ابھرے ہوئے سرخ دھبے: دل کے انفیکشن کا انتباہ
پاؤں کے تلووں یا انگلیوں پر سرخ ابھرے ہوئے دھبے عموماً بے ضرر ہوتے ہیں، تاہم بعض مخصوص نشانات دل کے سنگین انفیکشن کی جانب نشاندہی کرسکتے ہیں۔
پاؤں کے تلووں پر بننے والے بغیر درد کے سرخ دھبوں کو ’جین وے لیژنزکہا جاتا ہے، جبکہ انگلیوں کے سروں پر دردناک نشانات ’اوسلر نوڈز‘کہلاتے ہیں۔
یہ دونوں علامات بیکٹیریا کے باعث ہونے والے دل کے انفیکشن، یعنی اینڈوکارڈائٹس کی نشاندہی کرتی ہیں یہ بیماری دل کے والوز کو متاثر کرتی ہے اور بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
پاؤں کا سن ہونا یا جھنجھناہٹ: اعصابی نظام کا مسئلہ
اکثر افراد ایک ہی انداز میں دیر تک بیٹھنے کے باعث پاؤں سن ہونے یا سوئیاں چبھنے جیسی کیفیت کا سامنا کرتے ہیںتاہم اگر یہ مسئلہ بار بار پیش آئے یا کسی واضح وجہ کے بغیر برقرار رہے تو یہ اعصابی مرض کی علامت ہو سکتا ہے۔
اس کی ممکنہ وجوہات میں اعصاب پر دباؤ، پیریفرل نیوروپیتھی، ریناؤڈز بیماری اور ٹارسل ٹنل سنڈروم شامل ہیں خاص طور پر رات کے وقت پاؤں میں سنسناہٹ یا جھنجھناہٹ محسوس ہونا اعصابی خرابی کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
پاؤں کے ایسے زخم جو ٹھیک نہ ہوں: ذیابیطس کی پیچیدگیاں
اگر پاؤں پر بننے والے زخم طویل عرصے تک ٹھیک نہ ہوں تو یہ ذیابیطس کی ایک اہم علامت ہو سکتی ہے۔
خون میں شوگر کی مسلسل زیادہ مقدار خون کی شریانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے جس سے پاؤں تک خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے اور زخم بھرنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے۔ایسی صورت میں انفیکشن اور دیگر سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس کے علاوہ ایسے زخموں کا تعلق شریانوں کی بیماری پی اے ڈی، اعصابی مرض، کولیسٹرول میں اضافے، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں کی خرابی سے بھی ہو سکتا ہے۔
پاؤں میں جلن: اعصاب کو نقصان پہنچنے کی علامت
اگر پاؤں میں شدید گرمی یا جلنے جیسا احساس ہو تو اس کی وجہ جلد کا انفیکشن یا اعصابی نقصان ہو سکتا ہے اس کیفیت کو پیریفرل نیوروپیتھی کہا جاتا ہ، جس میں اعصاب متاثر ہونے کے باعث جلن، درد یا غیر معمولی احساسات پیدا ہوتے ہیں۔
اس مسئلے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں شراب نوشی، کیموتھراپی، گردوں کی بیماری اور ایچ آئی وی شامل ہیں۔
پاؤں کا انگوٹھا اوپر کی طرف اٹھنا: اعصابی مرض کی جانب اشارہ
اگر پاؤں کے تلوے کو چھونے یا رگڑنے پر انگوٹھا اوپر کی طرف اٹھ جائے تو اسے ’بابنسکی سائن کہا جاتا ہے۔
نوزائیدہ بچوں میں یہ ردعمل معمول کی بات ہے لیکن بالغ افراد میں اس کا ظاہر ہونا اعصابی نظام میں کسی مسئلے کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بالغ افراد میں یہ علامت دماغ یا ریڑھ کی ہڈی سے متعلق بیماریوں یا خرابیوں کی جانب اشارہ کر سکتی ہے۔
ناخنوں کا رنگ تبدیل ہونا اور جلد کا اترنا : اہم علامات کو نظرانداز نہ کریں
پاؤں کی جلد میں مسلسل خارش، خشکی یا کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
اکثر اس کی وجہ ایتھلیٹس فٹ جیسے فنگل انفیکشن یا ایگزیما جیسی جلدی بیماریاں ہوتی ہیں تاہم بعض اوقات تھائیرائیڈ کے مسائل بھی جلد کی تبدیلیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
ناخنوں کی رنگت میں تبدیلی
اگر ناخنوں پر سیاہ دھبے یا لکیریں نمودار ہوں اور ناخن بڑھنے کے باوجود یہ نشانات آگے نہ بڑھیں تو احتیاط ضروری ہے۔ اس کی وجہ ناخن کے نیچے جلد کا کینسر بھی ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ناخنوں کا پیلا ہونا فنگل انفیکشن، نیل پالش میں موجود فارملڈیہائیڈ کے مضر اثرات یا عمر بڑھنے کے باعث بھی ہو سکتا ہے۔
یہاں یہ بات ذہن میں رکھیں کہ پاؤں میں ظاہر ہونے والی ہونے والی ہر تبدیلی کسی مرض کی علامت نہیں ہوتی تاہم مسلسل یا اچانک ظاہر ہونے والی غیر معمولی علامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
خصوصاً انگلیوں کا اچانک نیلا پڑنا، پاؤں میں شدید درد یا ٹھنڈک، نہ بھرنے والے زخم، مسلسل سنسناہٹ اور ناخنوں پر نئی سیاہ لکیریں ظاہر ہونے کی صورت میں معالج سے فری رابطہ ضروری ہے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج سے ممکنہ پیچیدگیوں بچا جاسکے۔