سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط اور طاقت ورحکومت کی ضرورت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے، مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے یہ غیر آئینی طریقے سے اقتدار میں آئے، عوام نے ان کے چہرے پہچان لیے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہبازشریف کوٹیسٹ کرنےجارہےہیں، شہبازشریف کو پہلی بار امتحان میں ڈالیں گے، شہبازشریف لشکرلے کر جنیوا گئے اور پیسوں کا ضیاع کیا، شہبازشریف ہمیشہ رشوت دیتے آئے ہیں، شہبازشریف کو رشوت دے کر کام چلانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سیاست پورے پاکستان کی سیاست پر اثر ڈالتی ہے، پنجاب کبھی بھی اسٹیبلمشنٹ کیخلاف کھڑا نہیں ہوتا تھا، 17 جولائی کے انتخابی نتائج پنجاب کی سیاست پراثرانداز ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں؛ 3، 4 ماہ پہلے الیکشن کرائے جاسکتے ہیں، صدر مملکت
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے وقت چن چن کر ہمارے ایم پی ایز پر پریشر ڈالا جا رہا تھا، سندھ کے وزیرآصف زرداری کے ہمراہ ایم پی ایز کو خریدنے آئے، گمنام نمبروں سے کہا جا رہا تھا کہ عمران خان نے دوبارہ اقتدارمیں نہیں آنا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے وہپ چیف کو یقین تھا کہ ہمارے نمبر زپورے ہیں ، چیف وہپ اعتماد کے ووٹ کیلئے تمام ایم پی ایز سے رابطے میں تھا جب کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے ایک ہفتہ میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کی درخواست
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی درخواست کی ہے، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا ق لیگ کے مفاد میں ہے جب کہ اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط اور طاقت ورحکومت کی ضرورت ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ساڑھے 3 سال بڑی مشکل سے حکومت کی، کبھی ایک جماعت نکل جاتی تو کبھی دوسری جماعت شور ڈالنا شروع کردیتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں؛عمران خان کا وفاقی حکومت کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ
اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی لیڈرشپ کااجلاس ہوا جس میں عمران خان نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی کی منظوری دی۔ اس ضمن میں پارٹی رہنماوں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں نگران سیٹ اپ کیلیے مشاورت
علاوہ ازیں عمران خان نے پنجاب میں نگران سیٹ اپ کے لئے کل وزیراعلی چوہدری پرویزالہی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات میں نگران سیٹ اپ کے لئے ناموں پرمشاورت ہوگی۔ عمران خان مشاورت کے بعد پرویزالہی کو نگران سیٹ اپ کے لئے نام دیں گے۔
اس کے علاوہ عمران خان نے عام انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی منظوری کا عمل شروع کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے اور ڈویژنل سطح پر پارٹی تنظیموں سے مضبوط امیدواروں کے نام مانگ لئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان کو عام انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات ہی واحد حل ہے، انتخابات سے فرار کا راستہ نہیں دیا جائے گا، پوری تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترا جائے گا۔
