چین کے شہر بیجنگ میں شدید برفباری کے باعث دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 500 سے زائد مسافر زخمی ہو ئے۔
عرب میڈیا کے مطابق چین کے شہر بیجنگ میں شدید برفبای کے باعث دو سب وے ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 515 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ حادثہ چین کے شہر بیجنگ کے مغربی پہاڑی سلسلے میں سب وے سسٹم کی چانگ پنگ لائن کے زمین سے اوپر والے حصے پر پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق شدید برفباری کے باعث پٹریوں پر پھسلن ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ٹرینوں کو بریکیں لگانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
چین کی سٹی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے آج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ پیچھے سے آنے والی ایک ٹرین نیچے اترنے والے حصے پر تھی کہ ٹریک پر پھسل گئی اور بروقت بریک لگانے میں ناکام رہی۔
ہنگامی طبی عملے، پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام نے جوابی کارروائی کی اور تمام مسافروں کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے تک نکال لیا گیا۔ اتھارٹی نے بتایا کہ 25 مسافروں کو انتہائی نگہداشت کی نگرانی میں رکھا گیا ہے جبکہ 67 مسافروں کو اسپتال میں داخل ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز چین میں غیر معمولی طور پر شدید برفباری کی وجہ سے کچھ ٹرین آپریشن معطل ہوگئے ہیں اور اسکولوں کی بندش ہوئی ہے۔
چین کے محمکہ موسمیات نے شدید سردی اور مزید برفباری کے لئے الرٹ جاری کئے ہیں۔
رات گئے چین کے مختلف علاقوں کا درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
شمالی چین کے وسیع علاقے میں آنے والے موسم سرما کے طوفانوں سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ بیجنگ میں موسم سرما شدید سرد ہوتا ہے لیکن شدید برفباری شاذ و نادر ہی ہوتی ہے۔




















