پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
میگا ایونٹ کے معاہدے پر ذکا اشرف نے دستخط کیے جو اس وقت پی سی بی کے معاملات چلانے والی کرکٹ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور آئی سی سی جنرل کونسل جوناتھن ہال نے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان کو میزبانی کے حقوق پر دستخط کیے۔
پاکستان نے آخری بار 1996 میں ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔
پاکستان کو 2009 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2011 کے ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی بھی اپنے ملک میں کرنے کی ضمانت دی گئی تھی لیکن مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی خدشات کے باعث دونوں ایونٹس ملک سے باہر منتقل کردیے گئے تھے۔
چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے حوالے سے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ کیا بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو میچوں کے لیے پاکستان آنے کی اجازت دے گی۔
پی سی بی کو رواں سال اگست ستمبر میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل اور سری لنکا کے ساتھ میچز شیئر کرنے پر اتفاق کرنا پڑا تھا کیونکہ بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ اس کی ٹیم سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان میں نہیں کھیلے گی۔
پاکستان نے 2008 کے ایشیا کپ کی مکمل میزبانی کی تھی اور یہ آخری بار تھا جب بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے آنے والی بین الاقوامی ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے حکومت کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے حالیہ ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کامیاب انعقاد کے لیے سیکیورٹی اداروں کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پی سی بی کو درپیش ایک اور لاجسٹک مسئلہ اپنے موجودہ بین الاقوامی مقامات کی تزئین و آرائش اور میگا ایونٹ کے میچوں کے لئے تیار کرنا ہوگا۔
اس وقت صرف کراچی، لاہور اور ملتان میں ہی ایسے اسٹیڈیم موجود ہیں جو چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی کر سکتے ہیں۔
