غزہ جنگ کے 281 روز مکمل ہونے پر ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، تازہ واقعے میں ملبے تلے خواتین اور بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ کے علاقے تل الحوا میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کے بعد کیے گئے امدادی کاموں کے دوران تباہ حال عمارتوں کے ملبے سے خواتین اور بچوں سمیت 60 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
اس علاقے میں ریسکیو ٹیموں کے امدادی کاموں دوران ملبے کے ڈھیر سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اسرائیلی فوج نے 300 سے زیادہ رہائشی عمارات اور 100 سے زیادہ کاروباری مراکز کو تباہ کردیا۔
دوسری جانب دیر البلاح میں اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر تلکرم میں تین فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 38 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور 88 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔




















