دہشت گردی کے تناظر میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائیاں تیز کردیں، پنجاب سے مزید 8 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایات پر مختلف اضلاع میں 32 مقامات پر کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران شیخوپورہ اور عمر کوٹ سے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف 3 مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
آپریشنز کے دوران 1540 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ سی ٹی ڈی نے کارروائیوں میں 354 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کا پنجاب میں بڑا آپریشن، 07 دہشتگرد گرفتار
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ادارہ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔ ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
