کراچی: شاہراہ قائدین پر ایک شہری نے انوکھے انداز میں احتجاج کرتے ہوئے پیڈسٹرین برج سے لٹک کر ٹریفک جام کردیا۔
شہری کے ہاتھ میں سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تصویر تھی۔ اس کا مطالبہ تھا کہ کامران ٹیسوری کو دوبارہ عہدے پر بحال کیا جائے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ پولیس نے احتجاج کرنے والے شہری کو حراست میں لے لیا ہے۔
حراست میں لیے گئے شہری نے اپنا نام عبدالحکیم بتایا اور کہا کہ وہ لانڈھی شیرپاؤ کا رہائشی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ کامران ٹیسوری سے ملنا چاہتا ہے اور اسے گرفتار نہ کیا جائے۔
عبدالحکیم نے کامران ٹیسوری سے مدد کی اپیل بھی کی اور اس نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرے گا۔ پولیس نے لٹکے ہوئے شخص کو اتار کر تھانے منتقل کردیا۔



















