اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت اور تشویشناک قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہوا جب کہ بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کا فوری نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور استحکام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 254 لبنانی شہریوں کی شہادت کے بعد حکومت نے آج ملک بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یومِ سوگ کے موقع پر تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے جب کہ قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے لبنان میں بدستور جاری ہیں۔
