Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی طیاروں سے متعلق دعوے بےبنیاد اور گمراہ کن قرار؛ پاکستان نے سی بی ایس رپورٹ مسترد کردی

ایرانی طیاروں کی آمد کا مقصد کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں

اسلام آباد: پاکستان نے ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق دعوے بےبنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق سی بی ایس رپورٹ پر سرکاری ردِعمل سامنے آگیا جس میں کہا گیا کہ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق گمراہ کن اور سنسنی خیز دعوے کیے گئے، قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لیے گھڑے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان آئے، امریکی و ایرانی طیارے مذاکراتی عمل سے وابستہ سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیمز اور انتظامی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لیے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکراتی ادوار کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے، باضابطہ مذاکرات تاحال دوبارہ شروع نہیں ہوئے تاہم اعلیٰ سطح سفارتی روابط جاری ہیں، اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دوروں کو موجودہ لاجسٹک اور انتظامی انتظامات کے تحت سہولت فراہم کی گئی۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارے جنگ بندی کے دورانیے میں آئے تھے، ایرانی طیاروں کی آمد کا مقصد کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں، حقائق کے برعکس تمام دعوے محض قیاس آرائیاں، گمراہ کن اور حقائق سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں۔

پاکستان نے ہمیشہ غیر جانبدار، تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر مکالمے اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کی اور ضرورت کے مطابق معمول کی لاجسٹک اور انتظامی معاونت فراہم کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مکمل شفافیت اور مسلسل رابطہ بھی برقرار رکھا تاہم پاکستان خطے اور دنیا میں مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور امن، استحکام اور سلامتی کے عزم پر قائم ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version