Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی تحویل میں موجود 11 پاکستانی شہری رہا، آج رات وطن پہنچیں گے، اسحاق ڈار

تمام رہا ہونے والے افراد سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی سمندری حدود میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار 11 پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی یقینی بنا دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ الحمدللہ تمام پاکستانی شہری خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی بھی سنگاپور کے ذریعے کامیاب منتقلی اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ایرانی شہریوں کی بعد ازاں اپنے ملک واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسحاق ڈار کے مطابق تمام افراد سنگاپور سے بنکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکل حالات میں پھنسے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت ہر ممکن معاونت کے لیے متحرک ہے۔

نائب وزیراعظم نے سنگاپور کے وزیر خارجہ، وزیر اعظم اور حکومتِ سنگاپور کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سنگاپور نے پورے عمل کے دوران مسلسل تعاون اور معاونت فراہم کی۔

انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ امریکا کی حکومت اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی ہموار واپسی کے لیے قریبی تعاون کیا۔

انہوں نے حکومتِ تھائی لینڈ کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے بینکاک کے ذریعے ٹرانزٹ سہولت فراہم کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version