Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی انتخابات کے نتائج پر دنیا بھر کے رہنماؤں اور حکومتوں کا ردعمل سامنے آگیا

امریکی عوام کے جنگ مخالف مؤقف کو انتخابی نتائج کا اہم پیغام قرار دیا

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی پر عالمی رہنماؤں اور حکومتوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آنے لگے، کسی نے اسے جمہوریت کی فتح قرار دیا تو کسی نے امریکی عوام کے جنگ مخالف مؤقف کو انتخابی نتائج کا اہم پیغام قرار دیا۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ امریکی مڈٹرم انتخابات کے نتائج صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کوششوں پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ ماسکو کو امید ہے کہ ٹرمپ یوکرین تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اسپین کے وزیراعظم نے انتخابی نتائج کو امریکی عوام کی جانب سے نفرت اور پالیسیوں کے خلاف ووٹ قرار دیا، جبکہ ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے انتخابات میں جنگ کو مسترد کردیا ہے۔

برطانوی وزیر صحت نے ڈیموکریٹس کی کامیابی کو جمہوریت کے لیے بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے باوجود امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات برقرار رہیں گے۔

ناروے کے وزیراعظم نے کہا کہ انتخابی نتائج امریکی ووٹرز کی سوچ میں تبدیلی کا واضح پیغام ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے صدر نے امید ظاہر کی کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی سے عالمی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس نے ڈیموکریٹس کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ووٹرز نے اپنا فیصلہ واضح کردیا ہے اور یہ کامیابی جمہوریت کے لیے اچھی خبر ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بیرٹ نے بھی ڈیموکریٹس کو مبارکباد دی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم خاصی تلخ رہی اور ڈیموکریٹس کی کامیابی یورپ کو اپنے مفادات کے تحفظ سے غافل نہیں کرسکتی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version