Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز؛ 11 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا

راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مقامی ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور 8 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 7 ستمبر کو واشک میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تاہم برآمد کیا گیا دھماکہ خیز مواد دیسی ساختہ بموں کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا جبکہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملکی سلامتی کے خلاف غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version