کراچی: وفاقی سطح پر کراچی کے بلدیاتی اداروں میں مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق کے ایم سی، کے ڈی اے، ایل ڈی اے، ایم ڈی اے سمیت مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (ٹی ایم سیز) میں مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف جلد کارروائی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ، ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں اور سرکاری ریونیو میں مبینہ خرد برد کے معاملات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمینوں کی مبینہ بندر بانٹ، غیرقانونی قبضوں اور سرکاری اراضی کو کم قیمت پر نیلام کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔
ٹی ایم سیز میں غیرقانونی بھرتیوں،ترقیوں سمیت سرکاری ریونیو میں خرد برد میں ملوث افسران کےخلاف تحقیقات کی جاۓ گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں مالی بدعنوانی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے جبکہ مبینہ طور پر ملوث افسران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد سرکاری وسائل کے تحفظ، بلدیاتی اداروں میں شفافیت اور مالی معاملات میں جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔
