شہر مقائد یں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے تمام 25 ٹاؤنز میں غیر قانونی عمارتوں، پورشنز اور اضافی منزلوں کی نشاندہی کرکے فوری انہدامی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی ایس بی سی اے ڈاکٹر وسیم شمشاد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گل پلازہ کے انہدامی آپریشن اور خطرناک عمارتوں کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور ان میں ملوث افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہوگی۔ انہوں نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی فہرستیں فوری مرتب کرکے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خطرناک عمارتوں اور گل پلازہ کے انہدامی آپریشن کی نگرانی کے لیے روزانہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں متعلقہ افسران کی حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔
اس موقع پر عمارتوں کے چالانوں کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کے روڈ میپ، ایس سی آر ایم پورٹل پر شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے ساتھ رابطہ کاری بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے متعلقہ شعبوں کو کارروائیوں میں تیزی لانے اور ان اقدامات کی مؤثر تشہیر یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
