Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم سے نفرتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، بلاول بھٹو

کاغذی وزیراعظم، کاغذی سیاستدان اور کاغذی پارلیمان نہیں ہونی چاہیے، چئیرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام، ریفرنڈم، سیاسی کشیدگی، کراچی کی ماضی کی بدامنی اور بلدیاتی نظام سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر آئینی، جمہوری اور پارلیمانی راستہ اختیار کیا جائے، اتفاق رائے موجود ہو تو ریفرنڈم یا کسی متنازع اقدام کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں صوبوں کے معاملے پر الگ سوچ نہیں رکھتی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا مؤقف بھی ایک ہے اور اس معاملے پر کبھی تنقید نہیں ہوئی۔ پنجاب اسمبلی میں صوبوں سے متعلق قرارداد مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں منظور ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی میں سندھ کی تقسیم سے متعلق قرارداد کئی بار مسترد کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب اسمبلی آج بھی نئے صوبوں کی قرارداد پر متفق ہے تو اس مؤقف پر قائم رہنا چاہیے، اگر اسمبلی کی پوزیشن میں تبدیلی آئی ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔ جنوبی پنجاب میں نئے صوبے کی جدوجہد نسل در نسل جاری ہے، تاہم جنوبی پنجاب کے معاملے کو سندھ سے جوڑنے سے وہاں موجود اتفاق رائے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جدوجہد کرکے آزادی حاصل کی اور پاکستان میں شامل ہوئے، وہاں بھی عوامی اتفاق رائے موجود ہے۔ آئینی اور جمہوری طریقے سے صوبے بنائے جائیں تو پیپلز پارٹی کو اعتراض نہیں، تاہم ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتے جس سے نفرتیں جنم لیں یا اختلافات بڑھیں۔

ریفرنڈم اور آئینی طریقہ کار

بلاول بھٹو نے ریفرنڈم کی تجویز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا آسان ہے کہ عوام کی رائے ریفرنڈم کے ذریعے لے لی جائے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا عوام ریفرنڈم کے نتائج پر اعتماد کریں گے؟ کیا حکومت، اپوزیشن، میڈیا اور عوام موجودہ انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن پر اعتماد رکھتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے دور میں صوبوں سے متعلق جو اتفاق رائے پیدا ہوا تھا، اسے ریفرنڈم کے ذریعے متنازع بنانے کی ضرورت نہیں۔ اگر یہ مثال قائم ہوگئی تو 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سمیت دیگر معاملات پر بھی ریفرنڈم کے مطالبات سامنے آسکتے ہیں۔ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ موجود ہے جس کے لیے وفاق اور متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

کراچی کی بدامنی اور نفرت کی سیاست

کراچی اور لاہور کا موازنہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی نے جن مشکلات اور حالات کا سامنا کیا، لاہور نے اس نوعیت کے حالات نہیں دیکھے۔ کراچی میں بھائی کو بھائی کے ہاتھوں قتل کرایا گیا، شہر میں دن رات قتل و غارت گری ہوتی تھی، تاہم بڑی مشکلات کے بعد شہر میں امن قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا راستہ روکنے کے لیے سندھ کی سیاست میں نفرت اور تقسیم کا بیج بویا گیا اور صوبے میں سیاسی آگ لگائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو دھمکی نہیں دے رہے تھے بلکہ خطرے کی گھنٹی بجا رہے تھے، ان کی ذمہ داری ہے کہ خطرات کی نشاندہی کریں۔

بلاول بھٹو نے سندھی کلچر ڈے کے موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے ریلی اور جلسے کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اور اسی دن ایم کیو ایم کی جانب سے بھی ریلی کا اعلان کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلدیہ فیکٹری میں لوگوں کو زندہ جلانے میں ملوث افراد باہر نکلتے ہیں تو وہ خطرے کی نشاندہی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کبھی کسی کا خون بہانے کی بات نہیں کی اور نہ آئندہ کریں گے، ہمارا خون بہایا جاتا ہے، ہم کسی کا خون نہیں بہاتے۔

بلدیاتی نظام مزید مضبوط بنانے کا اعلان

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی نظام موجود ہے اور سندھ کا نظام بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگلے سال بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کے پاس دو تہائی اکثریت موجود تھی اور وہ اپنی مرضی سے بلدیاتی نظام کا قانون بنا سکتے تھے، تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بلدیاتی نظام متعارف کرایا جائے۔ ان کے مطابق پاکستان کی تاریخ کا مضبوط ترین بلدیاتی نظام بنانے کی کوشش کی جائے گی اور اختیارات کی منتقلی کے معاملے میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پہلی مرتبہ صدر بننے کے بعد اختیارات پارلیمان کو منتقل کیے، پیپلز پارٹی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔

سیاسی بحران، وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان

بلاول بھٹو نے سیاسی کشیدگی کم کرنے اور جمہوری طریقے سے آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک وزیراعظم کے بس کی بات نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بحران کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کا ہاتھ مضبوط کرنا ہوگا اور اپوزیشن کو بھی بحران سے نکلنے کے لیے تعاون پر قائل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ فکر نہیں ہونی چاہیے کہ ان کے خلاف سازش ہورہی ہے، سب کو مل کر ملک کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر مضبوط معیشت اور روشن پاکستان کی تیاری کرنی ہوگی۔

بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا قومی ذمہ داری کے تحت حکومت پر تنقید کرتے ہیں، ان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے کیا وہ اس کی تعریف کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ مولانا فضل الرحمان سے جلد از جلد ملاقات کرسکیں۔

پی ٹی آئی سیاسی حقیقت، سیاسی اختلاف کو غداری نہ سمجھا جائے

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ نہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں اور نہ کسی کو گالی دے رہے ہیں، اختلاف رائے کی اجازت ہونی چاہیے تاکہ لوگ اپنی بات سامنے رکھ سکیں۔ ان کے مطابق کسی کے مؤقف سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ اسے غدار قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور جیل میں ہیں، لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے۔ انہوں نے اپنے ماضی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی کہا تو ان پر تنقید کی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کاغذی وزیراعظم، کاغذی سیاستدان اور کاغذی پارلیمان نہیں ہونی چاہیے، وہ سیاسی معاملات میں ٹشو پیپر کی طرح استعمال ہونے والے کردار کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ملک کو کمزور کرنے کی کوششوں کا ذکر

بلاول بھٹو نے کہا کہ صہیونی قوتیں بھی پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ بھائی بھائی آپس میں لڑیں۔ ایسے حالات میں قوم کو سیاسی اختلافات کے باوجود متحد رہنا چاہیے اور آئین سے ہٹ کر کوئی قدم اٹھانے سے پہلے اس کے نتائج پر غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے جمہوری ری سیٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مضبوط بنانے، معیشت بہتر کرنے اور سیاسی اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کرنے کے لیے سب کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version