Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم، 10 کروڑ ٹوکنز استعمال، 52 ارب روپے تقسیم

عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکیم کے تحت ٹوکنز کے استعمال کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا سنگ میل عبور کرچکی ہے جبکہ ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد انفرادی صارفین مستفید ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 52 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے جبکہ روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن عوامی اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرنے کے لیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی، ستمبر میں اسکیم کے آغاز سے اب تک مستحقین کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور وزارتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل شفاف و مؤثر انداز میں مستحقین تک پہنچانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر اداروں کی مربوط کاوشوں سے اسکیم پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہوا۔

اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، جس سے عام شہریوں، محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور معاشی مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم پر عمل درآمد کے دوران شفافیت، مؤثر نگرانی اور عوام کو سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ مستفید ہونے والے شہریوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرکے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے مواقع دیے جائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version