پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور ان کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے پہلی بار انڈر 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ فیصلہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی پاکستان انڈر 19 اسکواڈ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف چار میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 1-3 سے اپنے نام کی تھی۔
محسن نقوی نے نوجوان کھلاڑیوں سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی پر انہیں سراہا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مستقبل میں بھی محنت جاری رکھنے اور اپنے کھیل میں مسلسل بہتری لانے کی تلقین کی۔
پاکستان انڈر 19 کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے جونیئر سطح پر سینٹرل کنٹریکٹس کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔
شاہد انور کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو انعام دینے سے ان کا اعتماد بڑھتا ہے، جبکہ پی سی بی چیئرمین کی جانب سے حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف دونوں کے لیے باعث تقویت ہے۔
انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران لگائے جانے والے ڈویلپمنٹ کیمپس کو بھی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کیمپس سے کھلاڑیوں کو کافی فائدہ ہوا اور محسن نقوی سے ملاقات بھی ان کے اور ساتھی کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا رہی۔
فرحان یوسف نے کہا کہ انڈر 19 سطح پر پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس ملنا نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔
نوجوان کرکٹر علیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا اور وہ مزید توجہ کے ساتھ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔
جہانگیر بلال نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو اپنے خاندانوں کی مالی معاونت کرنے میں بھی مدد دیں گے۔
دوسری جانب رضوان اللہ نے محسن نقوی اور پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔
