پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ترجمان کے مطابق ماہِ ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق 17 مئی کی شام نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی جبکہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان وقفہ تقریباً 60 منٹ متوقع ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ان فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 17 مئی کو صاف موسم اور بہتر حدِ نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں اس طرح یکم ذوالحج 1447 ہجری 18 مئی بروز پیر جبکہ عیدالاضحٰی 27 مئی 2026 کو ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو نے فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ امکانات ظاہر کیے ہیں تاہم ذوالحج کے چاند سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی اور معتبر شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ سنائے گی۔
