پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ، ڈیجیٹل پالیسی سازی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے کراچی میں اعلیٰ سطح کا اہم مکالمہ منعقد ہوا، جس میں سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان سمیت حکومتی، تعلیمی، کاروباری، قانونی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
انڈس انسٹی ٹیوٹ فار اے آئی اینڈ ڈیجیٹل پالیسی (IIADP) کے زیر اہتمام یہ بند کمرہ اجلاس نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا۔ مکالمے کا عنوان ’’اے آئی اینڈ ڈیجیٹل پاکستان: پالیسی سے جدت تک‘‘ تھا، جس میں مصنوعی ذہانت کی جدید پیش رفت کو مؤثر حکومتی پالیسیوں، ذمہ دارانہ استعمال اور معاشی ترقی کے مواقع میں تبدیل کرنے پر غور کیا گیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے رکن سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے گفتگو میں پارلیمانی نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قانون سازی اور ڈیجیٹل گورننس کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈیٹا پروٹیکشن، ڈیجیٹل حقوق اور مصنوعی ذہانت کے لیے قانونی ضوابط کی ضرورت بھی زیر بحث آئی۔
اجلاس کی میزبانی اور نظامت IIADP کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ علی چوہدری نے کی، جبکہ این آئی سی کراچی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید اظفر حسین، این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر دانش الرحمٰن خان اور ڈپٹی سیکریٹری اینٹی کرائم اینڈ اینٹی ٹیررازم محمد علی طارق سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مکالمے میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت، کاروباری مواقع، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کی نگرانی سے متعلق چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے ضوابط کے لیے ہونے والی کوششوں، بالخصوص او ای سی ڈی کے اے آئی اصولوں اور جی سیون کے ہیروشیما اے آئی پراسیس کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان کو ایسی ڈیجیٹل پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری جدت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ اخلاقی، قانونی اور معاشرتی چیلنجز سے بھی نمٹ سکیں۔
این آئی سی کراچی نے اس اجلاس میں گروتھ پارٹنر کی حیثیت سے شرکت کی۔ این ای ڈی یونیورسٹی میں 2018 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت اگنائٹ کی معاونت سے کام کرتا ہے اور ٹیکنالوجی سے وابستہ نئے کاروباری اداروں کو انکیوبیشن، رہنمائی، سرمایہ کاروں تک رسائی اور صنعتی روابط فراہم کرتا ہے۔
اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے پالیسی سازوں، جامعات، صنعت اور کاروباری افراد کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔
IIADP کے مطابق ادارے کا مقصد تحقیق، پالیسی مکالمے اور مختلف شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے پاکستان میں ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت، مؤثر قانون سازی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
