Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر چاقو کے حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ہلاک

بلومبرگ نیوز نے آج سب سے پہلے ان کی شناخت رپورٹ کی جبکہ واقعہ پیر کے دن ہوا تھا

نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر میں چاقو حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر ایرن پیاسینٹی ہلاک ہوگئیں۔

رائٹرز کے مطابق ایرن پیاسینٹی حملے میں شدید زخمی ہوئی تھیں اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ بلومبرگ نیوز نے آج سب سے پہلے ان کی شناخت رپورٹ کی جبکہ واقعہ پیر کے دن ہوا تھا۔

حکام کے مطابق پیر کو تقریباً شام 4 بج کر 30 منٹ پر ویسٹ 42ویں اسٹریٹ اور سیونتھ ایونیو کے قریب ایک خاتون حملہ آور نے 32 سالہ خاتون اور 68 سالہ شخص کو چاقو کے وار کرکے زخمی کیا۔ پولیس نے موقع پر ہی مشتبہ حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، جبکہ 68 سالہ زخمی شخص کی حالت اسپتال میں مستحکم ہے۔

نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے بتایا کہ حملہ بظاہر اچانک، بلااشتعال اور بے ترتیب تھا۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو روکنے کے لیے ٹیزر استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے اور خاتون چھریاں لیے اہلکاروں کی جانب بڑھتی رہی، جس پر پولیس نے فائرنگ کردی۔

بینک آف امریکا نے ایرن پیاسینٹی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اپنی ساتھی کے المناک نقصان پر صدمے میں ہے، وہ ایک قابل قدر ساتھی تھیں اور انہیں بہت یاد کیا جائے گا۔ بینک نے ایرن کے اہل خانہ اور تمام عزیزوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

یہ حملہ نیویارک میں ایک اور کارپوریٹ ایگزیکٹو کے قتل کے چند ہفتے بعد ہوا ہے۔ دسمبر 2024 میں یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کے سی ای او برائن تھامپسن کو مین ہٹن میں ویسٹ 54ویں اسٹریٹ کے قریب سکسٹھ ایونیو پر گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں لوئیجی مانجیونے نے وفاقی عدالت میں انٹر اسٹیٹ اسٹاکنگ کے نتیجے میں موت واقع ہونے کے الزام میں جرم قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ اس نے جان بوجھ کر برائن تھامپسن کو نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version