تہران: ایران پر ممکنہ حملوں سے متعلق اطلاعات کے بعد ایرانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک غلطی ہی بہت بھاری پڑسکتی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ صہیونی مقبوضہ علاقوں کو ناقابل رہائش بنانے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت لگے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان کے ساتھ اسرائیلی علاقوں کا نقشہ بھی شیئر کیا جس میں اہم اسرائیلی تنصیبات کو نمایاں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام اس سے قبل بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران پر کسی حملے کی صورت میں بھرپور اور متعدد محاذوں پر جوابی کارروائی کی جائے گی اور حملہ آوروں اور ان کے حامیوں کے مفادات کو نشانہ بنانے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
