برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کی سابقہ گرل فرینڈ جمائما گولڈ اسمتھ نے ان پر تعلقات کے دوران تشدد، جبری کنٹرول اور بدسلوکی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
جمائما کا کہنا ہے کہ 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے دوران انہیں رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی تاہم انہوں نے اس وقت قانونی کارروائی کرنے سے گریز کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک تفصیلی بیان میں 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ وہ ان بہادر خواتین کی ہمت کو سراہتی ہیں جنہوں نے رسل برانڈ کے خلاف مقدمے میں سامنے آکر گواہی دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر “خوش اور مطمئن” ہیں کہ رسل برانڈ کو “بالآخر قانون کے کٹہرے کا سامنا کرنا پڑا”۔
رسل برانڈ، جن کی عمر 51 سال ہے کو گزشتہ روز عدالت نے عصمت دری اور جنسی زیادتی کے جرائم میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے انہیں 2009 میں اپنے گھر پر ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری اور تین دیگر خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے تین الزامات میں مجرم قرار دیا۔
سزا سنانے کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ رسل برانڈ خواتین کے انکار کے حق کو “مغرورانہ انداز میں نظرانداز کرنے کے عادی” تھے۔
جج کے مطابق شہرت کے باعث برانڈ کا خیال تھا کہ وہ “جب چاہیں اور جیسے چاہیں عمل کر سکتے ہیں”۔
ٹی وی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور کرکٹر عمران خان کی سابق اہلیہ بھی ہیں۔ وہ معروف ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ کی صاحبزادی اور سابق برطانوی وزیر زیک گولڈ اسمتھ کی بہن ہیں۔
دو بچوں کی والدہ جمیما نے بتایا کہ انہوں نے 2014 کے مبینہ پرتشدد واقعے پر قانونی کارروائی اس لیے نہیں کی کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ میڈیا میں معاملہ اچھلنے سے ان کے اس وقت کے نوعمر بچوں پر منفی اثر پڑے گا۔
انہوں نے پیر کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا:
“اگرچہ میرا درد عدالت میں گواہی دینے والی خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں، تاہم یہ میری زندگی کا ایک مشکل دور تھا جس کے اثرات آج بھی موجود ہیں۔”
جمائما کے مطابق انہوں نے 2014 کے بعد سے رسل برانڈ کو نہ دیکھا اور نہ ہی ان سے بات کی، تاہم انہوں نے ان صحافیوں کی مدد کی جنہوں نے 2023 میں برانڈ کے خلاف الزامات کو منظرعام پر لانے والی تحقیقات کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر رسل برانڈ ان صحافیوں کے خلاف مقدمہ کرتے تو وہ ان کے مبینہ بدسلوکی کے رویے کے حوالے سے گواہی دینے کے لیے بھی تیار تھیں۔
جمائما نے اپنے بیان میں اکتوبر 2015 میں اپنے اور رسل برانڈ کی جانب سے حاصل کیے گئے عدالتی حکم امتناع کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ایک خاتون سلویا برکی کو دونوں کو ہراساں کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف الزامات لگانے سے روکا گیا تھا۔
جمائما کے مطابق سلویا برکی 7 جون 2014 کو تقریباً 30 منٹ کے لیے ان کے گھر آئی تھیں تاکہ رسل برانڈ کو مساج دے سکیں تاہم ان کی آمد کے بعد مساج نہیں ہو سکا۔
جمائما نے بتایا کہ بعد ازاں برکی نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر سے نکلتے وقت رسل برانڈ نے انہیں پیٹھ پر دھکا دیا تھا جبکہ جمائما کے کتے نے بھی ان پر حملہ کیا تھا۔
تاہم جمائما کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ملاقات کے دوران “کوئی غیر معمولی یا مشکوک بات نہیں دیکھی”۔
ان کے مطابق پولیس کو بیان اور گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کے بعد حکام نے نتیجہ اخذ کیا کہ اس معاملے میں کارروائی کے لیے کوئی بنیاد موجود نہیں۔
جمائما نے الزام لگایا کہ اس کے بعد سلویا برکی نے انہیں “انتہائی نفرت انگیز یہود مخالف اور دھمکی آمیز” پیغامات بھیجے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف “من گھڑت اور بے بنیاد الزامات” شائع کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ رسل برانڈ کے وکیل کی تجویز پر انہوں نے ہراساں کیے جانے سے بچنے کے لیے عدالتی حکم امتناع حاصل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
جمائما نے کہا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد انہیں آن لائن ” انتہائی نفرت انگیز اور توہین آمیز رویہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب سنڈے ٹائمز کی چیف نیوز نامہ نگار روزامنڈ اروِ، جو 2023 میں رسل برانڈ کے خلاف میڈیا تحقیقات میں شامل تھیں نے بی بی سی کو بتایا کہ جمائما نے ان کی “بہت زیادہ مدد” کی تھی۔
روزامنڈ اروِن کے مطابق انہوں نے جمائما کو آن لائن تنقید اور بدسلوکی کا نشانہ بنتے دیکھا ہے اور وہ پہلے بھی لوگوں کو بتانے کی کوشش کر چکی ہیں کہ اس معاملے کا ایک پہلو ان کی توقعات سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔
انہوں نے کہا میری خواہش ہے کہ لوگ یاد رکھیں کہ سامنے آنے والی خواتین بہادر ہوتی ہیں اور جمائما نے بھی آج رات بے پناہ ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رسل برانڈ نے ان کے ساتھ کیا سلوک کیا۔”
متاثرہ خواتین کے بیانات
سزا سنانے کی سماعت کے دوران ان خواتین کے بیانات بھی عدالت میں پیش کیے گئے جن پر رسل برانڈ نے مبینہ طور پر حملے کیے تھے۔
ان میں سے ایک خاتون نے بتایا کہ واقعے کے بعد وہ کئی برس تک “پریشان اور ذہنی صدمے” کا شکار رہیں۔
خاتون کے مطابق”مجھے اپنی ذات کی کوئی عزت محسوس نہیں ہوتی تھی۔ مجھے لگتا تھا کہ میں ایک خراب چیز بن چکی ہوں اور اس خوف میں رہتی تھی کہ کہیں میرے کسی رویے کو غلط اشارہ نہ سمجھ لیا جائے۔”
جس خاتون کے ساتھ عصمت دری کے الزام میں برانڈ کو مجرم قرار دیا گیا انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا صدمہ انہیں “ہر روز اپنے ساتھ اٹھانا پڑتا ہے”۔
سزا سنائے جانے کے بعد پیر کو لندن کی جیل ایچ ایم پی وینڈزورتھ پہنچنے والی ایک وین کو رسل برانڈ کو لے جانے والی گاڑی تصور کیا گیا۔
رہائی سے متعلق قانونی تفصیلات
برطانوی رہنما اصولوں کے مطابق بعض سنگین پرتشدد اور جنسی جرائم میں چار سال یا اس سے زیادہ قید کی سزا پانے والے مجرموں کو سزا کے دو تہائی حصے کی تکمیل پر رہا کیا جا سکتا ہے۔
اس حساب سے رسل برانڈ تقریباً سات سال قید گزارنے کے بعد رہا ہو سکتے ہیں۔
رہائی کے بعد بھی انہیں اپنی سزا کی باقی مدت نگرانی میں گزارنا ہوگی اور مخصوص شرائط کی پابندی کرنا ہوگی جن میں الیکٹرانک ٹیگ پہننا بھی شامل ہو سکتا ہے۔
رسل برانڈ کو چار ہفتے تک جاری رہنے والے مقدمے کے بعد ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے 2004 سے 2009 کے دوران چار خواتین سے متعلق جرائم میں مجرم قرار دیا تھا۔
تاہم عدالت نے ان کے خلاف عصمت دری کے دو الزامات اور نامناسب جنسی حملے کی کوشش کے ایک الزام میں انہیں بری کر دیا۔
