Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بغیر بازو اور جسم کے چلنے والا روبوٹک ہاتھ تیار

محققین نے اس روبوٹک ہاتھ کا موازنہ مشہور ٹی وی سیریز ’’دی ایڈمز فیملی‘‘ کے کردار ’’تھِنگ‘‘ سے کیا ہے

سوئٹزرلینڈ کے سائنسدانوں نے ایک منفرد روبوٹک ہاتھ تیار کیا ہے جو کسی بازو یا جسمانی سہارے کے بغیر صرف اپنی انگلیوں کی مدد سے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ جدید روبوٹک ہاتھ سوئٹزرلینڈ کے معروف تحقیقی ادارے ای ٹی ایچ زیورخ کی سافٹ روبوٹکس لیب کے محققین نے تیار کیا ہے۔ ٹیم نے اس روبوٹک ہاتھ کی ویڈیوز اور تحقیقی مقالے کا ابتدائی مسودہ بھی جاری کر دیا ہے۔

محققین نے اس روبوٹک ہاتھ کا موازنہ مشہور ٹی وی سیریز ’’دی ایڈمز فیملی‘‘ کے کردار ’’تھِنگ‘‘ سے کیا ہے، جو ایک آزاد ہاتھ کی صورت میں حرکت کرتا دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاغذ سے بنا یہ روبوٹک گریپر نازک اور بھاری دونوں اشیاء کواٹھا سکتا ہے

سافٹ روبوٹکس لیب کے ڈاکٹریٹ محقق امیر حسین کاظمی پور کے مطابق اس روبوٹک ہاتھ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ کسی بیرونی سہارے یا مدد کے بغیر خود حرکت اور چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک ہاتھ کو چلنے کے قابل بنانا ایک پیچیدہ تکنیکی عمل ہے، کیونکہ انسانی ہاتھ کی تمام انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ اس لیے روبوٹ کو اپنی انگلیوں کے درمیان درست ہم آہنگی پیدا کرنا سیکھنا پڑتا ہے۔

محققین کے مطابق اس عمل میں روبوٹک ہاتھ کے لیے حرکت کے دوران اپنا توازن برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

اس پیش رفت کو سافٹ روبوٹکس کے شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں خودمختار روبوٹس اور جدید روبوٹک نظاموں کی تیاری کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔

Exit mobile version