Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترسیلات، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ، معیشت کے تازہ اعدادوشمار جاری

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی ترسیلات بھی بڑھ کر 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

وزارت خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جبکہ بیرونی کھاتے، صنعتی پیداوار، ترسیلات زر، برآمدات، سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹ سمیت مختلف شعبوں میں بھی مثبت پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سالانہ بنیادوں پر 70 فیصد کم ہوا، جبکہ مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران کارپوریٹ منافع میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی شرح بھی سالانہ بنیادوں پر 45 فیصد بڑھی، جو کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ کے دوران ترسیلات زر 17 فیصد اضافے کے ساتھ 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اعلامیے کے مطابق سروسز کی برآمدات میں 29 فیصد جبکہ آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ فری لانسرز کی آمدنی بھی سالانہ بنیادوں پر 42 فیصد بڑھی، جس کے نتیجے میں ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سے متعلق برآمدی سرگرمیوں میں مزید وسعت دیکھی گئی۔

براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 80 فیصد اضافے کے بعد 316 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی ترسیلات بھی بڑھ کر 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رسمی مالیاتی ذرائع کے ذریعے رقوم بھیجنے کا سلسلہ برقرار رہنے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی، جو ملک کی پائیدار مالیاتی مصنوعات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی گئی ہے۔

کیپٹل مارکیٹ کے حوالے سے بھی مثبت سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزارت خزانہ نے کہا کہ انویسٹ پاک کے ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد 12 ہزار 800 تک پہنچ گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ کے دوران 5 ابتدائی عوامی پیشکشیں یعنی آئی پی اوز مکمل ہوچکی ہیں، جبکہ مالی سال 2026 میں 11 آئی پی اوز مکمل ہونے کے بعد بھی کیپٹل مارکیٹ میں سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق تازہ اعدادوشمار میں بیرونی شعبے کے استحکام، صنعتی پیداوار میں بہتری، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کیپٹل مارکیٹ میں بڑھتی سرگرمیوں سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں مثبت رجحانات نمایاں ہوئے ہیں۔

Exit mobile version