Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں غربت اور معاشی دباؤ میں اضافہ؛ عالمی بینک نے اہم رپورٹ جاری کردی

‘پاکستان میں غربت کی شرح 20 فیصد سے تجاوز کر گئی’

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں ملک میں غربت، مہنگائی اور معاشی دباؤ میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

عالمی بینک کی مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان کی معاشی صورتحال پر جاری رپورٹ کے مطابق خطے میں روزانہ 3 ڈالر سے کم آمدن رکھنے والے غریب افراد میں 48 فیصد پاکستانی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 2018-19 سے 2024-25 کے دوران غربت کی شرح میں 6.4 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ روزانہ 3 ڈالر سے کم آمدن کی بنیاد پر غربت کی شرح 20 فیصد سے تجاوز کرگئی۔

عالمی بینک کے مطابق معاشی بحران، بلند مہنگائی اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی نے غربت میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب اور کورونا وبا کے اثرات بھی غربت میں اضافے کا باعث بنے جبکہ طویل معاشی ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں گھریلو آمدنی اور روزگار کے مواقع متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال حقیقی فی کس جی ڈی پی نمو 2.2 فیصد رہنے جبکہ مجموعی معاشی شرح نمو 3.8 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

عالمی بینک نے رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد رہنے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.8 فیصد اور بجٹ خسارہ 3.5 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے باعث معاشی خطرات کا سامنا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ بھی عوام اور معیشت پر دباؤ کا باعث بنا۔

عالمی بینک نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ میں پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ پاکستان میں اے آئی کا استعمال خطے میں نسبتاً زیادہ ہے، بالخصوص گرافک ڈیزائن، کانٹینٹ اور ترجمے کے شعبوں میں اس کا استعمال نمایاں ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں سے متعلق ملازمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جبکہ پاکستان سمیت 8 ممالک میں موبائل براڈ بینڈ کی شرح آمدنی کے معیار کے مقابلے میں کم ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version