پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے لیے دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا، جس کے بعد برطانیہ اور یورپ کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع کی جائے گی۔
پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت جدید ترین طیارے نومبر 2026 کے آغاز سے برطانیہ اور یورپ کے روٹس پر آپریشن شروع کریں گے۔ ان طیاروں میں جدید انٹرٹینمنٹ سسٹم اور جدید کیبن کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو بہتر سفری تجربہ دینے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے مطابق بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے پہلی مرتبہ پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں۔ ان کی شمولیت سے پی آئی اے کے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برطانیہ کے لیے پروازوں میں اضافہ کرنے کے منصوبے کو تقویت ملے گی۔
پی آئی اے کی نئی انتظامیہ مسافروں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے اور بین الاقوامی روٹس پر ایئرلائن کی موجودگی بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ نئے طیاروں کا حصول اسی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
