Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنگ نے پاکستانی آم کا ذائقہ پھیکا کردیا، برآمدات میں 36 فیصد بڑی کمی، کروڑوں ڈالر کا نقصان

افغانستان کی سرحد بند ہونے سے آم کی برآمدات میں 24 ہزار ٹن کا نقصان ہوا

مشرق وسطیٰ میں جنگ اور علاقائی کشیدگی نے پاکستان کی آم کی برآمدات کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث رواں سیزن آم کی برآمدات میں 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور پاکستان کو 3 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کے زرمبادلہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق پاکستان کی آم برآمدات گزشتہ سیزن کے ایک لاکھ 23 ہزار ٹن کے مقابلے میں کم ہوکر 78 ہزار ٹن رہ گئیں، جبکہ 80 ہزار ٹن کا برآمدی ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن آم کی برآمدات سے 5 کروڑ 85 لاکھ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا، جبکہ گزشتہ سیزن میں یہ آمدن 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر تھی۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث بالخصوص متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کی منڈیاں متاثر ہوئیں۔

وحید احمد کے مطابق خلیجی ممالک کو آم کی برآمدات 36 ہزار ٹن سے کم ہوکر 14 ہزار 500 ٹن رہ گئیں۔ قطر کو برآمدات ایک ہزار 900 ٹن سے گھٹ کر 880 ٹن، عمان کو 10 ہزار 200 ٹن سے کم ہوکر 8 ہزار 900 ٹن جبکہ سعودی عرب کو 2 ہزار 30 ٹن سے گھٹ کر ایک ہزار 460 ٹن رہ گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان کی سرحد بند ہونے سے آم کی برآمدات میں 24 ہزار ٹن کا نقصان ہوا، جبکہ سرحد پار تجارت معطل ہونے سے افغانستان اور وسطی ایشیا کی منڈیاں بھی متاثر ہوئیں۔ دوسری جانب مال برداری کے اخراجات میں اضافے نے پاکستانی آم کی برآمدی لاگت بھی بڑھا دی۔

وحید احمد کا کہنا تھا کہ آم کی برآمدات یکم جون سے شروع کرنے کا فیصلہ اہم ثابت ہوا، کیونکہ اگر مئی میں برآمدات شروع کی جاتیں تو آم کے معیار سے متعلق شکایات سامنے آنے کا خدشہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث آم کی پیداوار میں 35 فیصد کمی ہوئی ہے، حالانکہ ملک میں آم کی ممکنہ پیداواری استعداد 18 لاکھ ٹن ہے۔ آم کے باغات مختلف بیماریوں سے تیزی سے متاثر ہورہے ہیں اور مسلسل دوسرے سال پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ان کے مطابق آم کے کاشت کاروں کو پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کا سامنا ہے، جبکہ جنگ، تجارتی رکاوٹوں، موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتے ہوئے ٹرانسپورٹ اخراجات نے پاکستانی آم کی عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی آمدن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version