پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ذیابیطس (شوگر) سے آگاہی کا دن منایا جارہا ہے، یہ دن ہر سال 14 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد عوام الناس میں اس مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں، آگاہی اور اس مرض کے سنگین ہونے کے باوجود یہ مرض دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتا جارہاہے جو طبی ماہرین کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ یہ ایک ایسا مرض ہے جس میں جسم کے تمام ہی اعضاء متاثر ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ذیابیطس کے علاج میں اہم پیشرفت، بغیر انسولین شوگر کنٹرول کرنے والی جدید ڈیوائس تیار
عالمی ادارہ ذیابیطس کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 45 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
پاکستان دنیا میں ذیابیطس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد رکھنے والے ممالک میں شامل ہے جہاں تقریباً 31.4 فیصد بالغ آبادی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ملک میں نوجوانوں سمیت بڑی عمر کے افراد بھی ذیابیطس کا شکار ہونے لگے ہیں، موٹاپا، غیر متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی ذیابیطس کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات قرار، میٹھے مشروبات، فاسٹ فوڈ اور چینی کا زیادہ استعمال ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
ذیابیطس کی کئی اقسام ہیں تاہم زیادہ تر لوگ ٹائپ ٹو کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔ ذیابیطس کی اس قسم میں جسم انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتا ہے جس کے نتیجے میں خون میں شوگر کا لیول بڑھنےلگتا ہے جس سے جسم کے تمام اعضا صحیح طور پر اپنے افعال انجام نہیں دے پاتے، اور اس طرح بہت سی خطرناک بیماریوں کا خدشہ کئی گناہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ مرض کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے۔ ہر تین میں ایک شخص میں اس کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتی جس کی وجہ سے انہیں یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ انہیں ذیابیطس کا مرض لاحق ہوچکا ہے۔ اگر جسم میں شوگر کا لیول بڑھ جائے تو اس سے جو بیماریاں جنم لیں گی ان میں اعصابی نظام کا بہتر کام نہ کرنا، بینائی کی کمزوری، جوڑوں کا درد، دل کے امرض اور ہائی بلڈ پریشر شامل ہیں۔
یوں تو اس کی کوئی واضح علامات تو ظاہر نہیں ہوتی پھر بھی کچھ نشانیا ں ہیں جواس جانب نشاندہی کرتی ہیں۔ جن میں پیاس کا زیادہ لگنا، باربار پیشاب کی حاجت ہونا، غیر ارادی طور پر بھوک لگنا، منہ خشک ہونا اور وزن کا بڑھنا یا کم ہونا، نظر کی کمزوری، سر میں درد رہنا، مختلف انفیکشنز کا ہونا یا چوٹ لگنے کی صورت میں زخم کا جلد ٹھیک نہ ہونا شامل ہے۔
یوں تو یہ مرض کسی بھی فرد کوزندگی میں کبھی بھی لاحق ہوسکتا ہے تاہم پنتالیس برس کے بعد اس کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے تو اس عمر میں پہچنے سے قبل ہی کوشش کریں کہ بلڈ شوگر کنٹرول میں رہے ہرتین ماہ بعد اپنا معائنہ کرائیں جبکہ بتائی گئی علامات کے ظاہر ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
