وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 267 روپے فی لیٹر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 187 روپے 72 پیسے ہوگی۔
وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائیٹ ڈیزل کی نئی قیمت 184 روپے 68 پیسے ہوگی۔
