شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز پی ایس ایس یرموک نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 380 کلو منشیات پکڑ لی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ معلومات پر پی ایس ایس یرموک نے شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسداد منشیات آپریشن میں پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت ہزاروں ڈالرز ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پاک بحریہ نے کامیاب کارروائی میں بھاری تعداد میں منشیات اسمگل کی کوشش کو ناکام بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی سمندر میں مؤثر نگرانی کی وجہ سے منشیات اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا، پاک بحریہ کے بحری جنگی جہاز سمندر میں باقاعدگی سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاک بحریہ سمندر میں منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے علاوہ بحری قزاقی کے خلاف بھی کارروائیاں کر رہی ہے۔
