Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی خاتون پولیس افسرکا شانداراعزاز، آئی اے سی پی 2024 ایوارڈ اپنے نام کرلیا

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پاکستانی خاتون پولیس افسربینش فاطمہ نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس 2024 ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایس پی بینش فاطمہ واحد پاکستانی خاتون افسر ہیں جو ملک بھر کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی ایوارڈ کے لئے منتخب ہوئیں، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کے صدر نے بوسٹن امریکہ میں منعقدہ آئی اے سی پی 2024ء کانفرنس میں ایس پی بینش فاطمہ کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے ایس پی بینش فاطمہ کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ایس پی بینش فاطمہ جیسی ہونہار پولیس افسران پنجاب پولیس کا فخراورقیمتی سرمایہ ہیں۔

آئی جی پنجاب نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بینش فاطمہ جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ کیلئے اہم رول ادا کریں گی۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) ہر سال دنیا بھر کے 40 سال سے کم عمر ہزاروں امیدواروں میں سے بہترین افسران کا انتخاب کرتی ہے، اس سال بھی دنیا بھر سے اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی اور قائدانہ کردار کے مالک 40 پولیس افسران کا انتخاب کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس دنیا بھرمیں پولیس لیڈرزکے حوالے سے سب سے بڑی، مؤثر اور پروفیشنل تنظیم ہے، آئی اے سی پی دنیا بھر میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے تحفظ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے نظریہ پرکاربند ہے۔  آئی اے سی پی کے دنیا بھر میں 34 ہزارسے زائد پولیس افسران ممبرزہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version