صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں وویمن بزنس نیٹ ورک کے زیر اہتمام ”رائزنگ وویمن 2023“ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم، ملازمت اور سیاسی شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں مرکزی دھارے میں شامل کاروباری اداروں میں مناسب جگہ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے گھریلو خواتین کو دنیا کے موجودہ رجحانات کو پورا کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال سمیت عصری مہارتوں کے سکل سیٹ فراہم کرنے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے خواتین کے ملکیتی قانون پر موثر اور سخت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خواتین کو بااختیار اور معاشی طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ اسلام نے 1400 سال پہلے خواتین کو ان کے حقوق دے کر ان کے جائز مقام کا تعین کردیا، خواتین کو وراثتی حقوق کے متعلق قانون پر عملدرآمد کیلئے معاشرتی اقدار کو بدلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور ملکی آئین نے خواتین کے مساوی حقوق کو یقینی بنایا اور ان کی ترقی کی حمایت کی ہے، ملک میں خواتین کو وراثت کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے، ہمیں خواتین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے جدید کاروباری طریقوں کو اپنانے کی تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے گھروں سے کمانے میں مدد کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معیشت کے مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں اور خواتین کی شمولت سے پاکستان کو تیز رفتار ترقی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنے بے پناہ انسانی وسائل کو جدید ترین تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا چاہیے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ اگر خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو انہیں ایک پیداواری افرادی قوت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
