قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
قومی اور پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جبکہ پی پی 203 چیچہ وطنی کی نشست ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
این اے 77 میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک، مرکزی مسلم لیگ کے قاضی ابراہیم گجر اور آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ نمایاں امیدواروں میں شامل ہیں۔
حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
ادھر پی پی 203 چیچہ وطنی میں بھی ضمنی انتخاب کے لیے 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے جبکہ اس حلقے میں بھی تحریک انصاف نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
