Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواتین کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں، اسکاٹ لینڈ کا افغانستان سے دوطرفہ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان

افغانستان سے متعلق تمام فیصلے افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور مشاورت کے بعد کیے گئے ہیں

افغانستان میں خواتین کے حقوق اور انسانی صورتحال پر تحفظات کے باعث اسکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی افغان ٹیم کے خلاف دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز اس وقت تک نہیں کھیلی جائیں گی جب تک وہاں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری نہیں آتی۔

اعلامیے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام ہونے والے عالمی مقابلوں میں افغانستان کے خلاف کھیلنا جاری رکھے گی، تاہم ان مقابلوں میں شرکت کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے اپنے فیصلے کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی شرکت والی کسی سہ ملکی سیریز میں بھی اسکاٹش ٹیم حصہ نہیں لے گی۔ اس کے علاوہ افغان ٹیم کے ساتھ تربیتی کیمپ، پریکٹس میچز اور وارم اپ مقابلوں میں شرکت سے بھی گریز کیا جائے گا۔

اعلامیے میں افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) میں اسکاٹش کھلاڑیوں کی ممکنہ شرکت کے حوالے سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ انفرادی طور پر لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کے فیصلے کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت نہیں سمجھا جائے گا۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ بعد ازاں ستمبر میں اے پی ایل کے حوالے سے بھی افغان حکام کی جانب سے رابطہ کیا گیا۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متعلق تمام فیصلے افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور مشاورت کے بعد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version