Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا نے چین کے خفیہ خلائی جہاز کی پہلی واضح تصویر جاری کردی

رپورٹ میں شائع ہونے والی تصویر میں شین لونگ نامی خلائی جہاز دکھایا گیا

امریکی انٹیلی جنس ادارے نے چین کے خفیہ خلائی جہاز شین لونگ کی اب تک کی واضح ترین تصویر جاری کردی ہے جس میں خلائی جہاز کو زمین کے مدار میں سرگرم دیکھا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) نے پیر کو ’’چیلنجز ٹو سیکیورٹی اِن اسپیس‘‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی جس میں چینی خلائی جہاز کی تصویر بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں امریکی سیٹلائٹس اور دیگر خلائی اثاثوں کو درپیش ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں شائع ہونے والی تصویر میں شین لونگ نامی خلائی جہاز دکھایا گیا ہے جس کا ڈیزائن امریکی فوج کے بغیر پائلٹ خلائی جہاز ایکس 37 بی سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔ چینی زبان میں شین لونگ کے معنی روحانی ڈریگن کے ہیں۔

یہ تصویر 2024 میں میکسار ٹیکنالوجیز کے ایک تجارتی سیٹلائٹ نے حاصل کی تھی جسے اب وینٹور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ تصویر میں خلائی جہاز کے پر، کھلا ہوا کارگو بے اور پچھلے حصے میں نصب شمسی پینل نمایاں طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے مطابق چین نے ستمبر 2020 میں اپنے پہلے مداری مشن کے بعد سے شین لونگ کے ڈیزائن اور اس کے مشنز کو بڑی حد تک خفیہ رکھا ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق 2022 سے اب تک یہ خلائی جہاز زمین کے مدار میں کم از کم 9 نامعلوم اشیاء چھوڑ چکا ہے تاہم ان اشیاء کے اصل مقاصد تاحال واضح نہیں ہوسکے۔

رپورٹ کے مطابق ان میں سے بعض اشیاء چھوٹے سیٹلائٹس ہوسکتے ہیں جنہیں دوسرے خلائی جہازوں کے قریب جانے، انہیں پکڑنے اور دوبارہ چھوڑنے جیسی صلاحیتوں کی آزمائش کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

امریکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شین لونگ اس وقت اپنے چوتھے مشن پر ہے جسے 7 فروری کو لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ایکس 37 بی کی طرح شین لونگ بھی کئی ماہ تک زمین کے مدار میں رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خلائی جہاز مشن مکمل ہونے کے بعد رن وے پر اتر سکتا ہے اور مستقبل کے مشنز کے لیے دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے

ویڈیو دیکھیں: 

متعلقہ خبریں

Exit mobile version