واشنگٹن: امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے چین سے کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے چین سے رابطہ کیا جس کے بعد بیجنگ نے واشنگٹن کا پیغام ایرانی قیادت تک پہنچا دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں کی سربراہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ایرانی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو بھی ایک خط ارسال کیا تھا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایرانی قیادت امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد واشنگٹن کی پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کا جائزہ لے رہی ہے تاہم اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران بھی ایران کے معاملے پر تعاون طلب کیا تھا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ایران کے معاملے پر امریکا کو اچھے نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو بری طرح شکست دی ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہوئی ہے۔ گزشتہ چھ سے سات ماہ کے دوران امریکا کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔
