Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، ایران کا دعویٰ

‘دونوں آئل ٹینکروں نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے’

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

ایرانی فورس کے مطابق دونوں آئل ٹینکروں میں سے ایک آبنائے ہرمز کے قریب جبکہ دوسرا اس کے مشرقی حصے میں موجود تھا۔ دونوں جہاز مبینہ طور پر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا یہ بیان ایرانی میڈیا کی ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں صوبہ ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں دھماکوں جیسی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات دی گئی تھیں۔

آئی آر جی سی نیوی کا کہنا ہے کہ دونوں آئل ٹینکروں نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ ایسے سمندری راستوں سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں ایران غیر مجاز قرار دیتا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ سمندری علاقوں میں داخل ہونے والے جہاز بارودی سرنگوں کے خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں۔

بیان میں بحری جہازوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر انحصار نہ کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version