متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں تیل کے اخراج کے باعث بند کیے گئے متعدد عوامی اور تفریحی ساحل شہریوں اور سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
راس الخیمہ کے محکمہ پبلک سروسز نے ساحلوں پر سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فلیمنگو بیچ، دہان بیچ، المریض بیچ اور الرمس کارنیش عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ اننتارا منہ العرب ریزورٹ، انٹرکانٹینینٹل منہ العرب ریزورٹ اینڈ سپا اور کوو روٹانا ریزورٹ کے ساحل بھی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو ام القوین کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد مختلف علاقوں کے شہریوں نے فضا میں ایندھن جیسی بو محسوس ہونے کی شکایات کی تھیں۔
واقعے کے پیش نظر 24 اکتوبر کو راس الخیمہ کے تمام ساحل حفاظتی اقدامات کے تحت بند کردیے گئے تھے۔
حکام نے ساحل دوبارہ کھولنے کے ساتھ شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ساحلی مقامات پر موجود حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
