ریاض: سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ جازان کی بندرگاہ پر گرنے والے ایک پروجیکٹائل سے معمولی نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان کی بندرگاہ کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا پروجیکٹائل گرنے سے معمولی نقصان ہوا تاہم واقعے میں کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والے پروجیکٹائل کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل اتحادی فورسز نے جدہ کی اسلامی بندرگاہ کے قریب حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔ ڈرون کا ملبہ گرنے کے باوجود کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے مغربی علاقے کی جانب داغا گیا ایک میزائل بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے ریاض صوبے میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا، تاہم کچھ دیر بعد صورتحال معمول پر آنے اور خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا گیا۔
یہ تازہ حملے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثی حملے کے ایک روز بعد کیے گئے ہیں۔ مذکورہ حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں 2 سعودی شہری اور 9 غیر ملکی باشندے شامل تھے۔
