Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستان نے کتنے ارب ڈالر قرض لیا؟ رپورٹ جاری

جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران حکومت نے 1637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران 5 ارب 90 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بیرونی مالی معاونت کی وصولی میں 2 ارب 88 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن نے بیرونی قرضوں اور مالی معاونت سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران حکومت نے 1637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 988 ارب روپے زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2026 میں حکومت کو 122 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے موصول ہوئے جن میں سے 90 ارب روپے بجٹ ری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضوں جبکہ 24 ارب 50 کروڑ روپے پراجیکٹ فنانسنگ کی مد میں حاصل ہوئے۔ اکتوبر 2025 کے مقابلے میں اسی ماہ قرضوں کی وصولی میں 10 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے نئے بین الاقوامی بانڈز بھی جاری کیے، ان میں ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.5 فیصد شرح منافع مقرر کی گئی ہے جن کی مدت 2032 میں مکمل ہوگی جبکہ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.9 فیصد شرح منافع ادا کیا جائے گا اور یہ 2036 میں میچور ہوں گے۔ ان بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال کی جاسکے گی۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اکتوبر میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے 44 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے جبکہ ستمبر 2026 میں اس مد میں 31 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ اس طرح سالانہ بنیادوں پر ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے موصول ہوئے۔ اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر، فرانس نے 2 کروڑ ڈالر، جرمنی نے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ جاپان نے 25 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت پاکستان کو 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

مزید برآں اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ماہ کے دوران پاکستان کو 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے جبکہ اسی بینک سے قلیل مدتی فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر بھی حاصل ہوئے۔

متعلقہ خبریں