Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے عوام ہوجائیں تیار ،محکمہ موسمیات نے نئی پیش گوئی کر دی

کراچی کے عوام تیار ہوجائیں کیوں کہ محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ستمبر کے آخری ہفتے ایک اور اسپیل آنے کا امکان ہے، 22 سے 23 ستمبر کو شہرقائد میں بارش متوقع ہے جبکہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں دن میں حبس جبکہ شام میں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ درجہ حرارت 38 سے40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

سمندری ہوائیں معطل

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ شمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 3 روز تک موسم گرم رہ سکتا ہے۔

گزشتہ شب کراچی کی گرم ترین رات قرار

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب ماہِ ستمبر میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں 11 ستمبر 1962ء اور 5 ستمبر 2011ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 6 ریکارڈ ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی میں 20 ستمبر 1988ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

واضح رہےکہ اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اور شام کو بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

تھرپارکر، ٹھٹھہ اور مٹھی کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں کے موسلادھار بارش ممکن ہے۔

پشاور اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔